پانی جیسے حساس قومی معاملے پر ذمہ دارانہ بیانات دیے جائیں: جام خان شورو

پانی جیسے حساس قومی معاملے پر ذمہ دارانہ بیانات دیے جائیں: جام خان شورو
جام خان شورو - فوٹو: فائل
جام خان شورو – فوٹو: فائل

وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ سندھ نے ہمیشہ 1991 کے آبی معاہدے کے مطابق اپنے جائز حصے کے پانی کا مطالبہ کیا ہے۔ پانی جیسے حساس قومی معاملے پر ذمہ دارانہ بیانات دیے جائیں اور صوبوں کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے سے گریز کیا جائے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کے حالیہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ نے ہمیشہ 1991 کے آبی معاہدے کے مطابق اپنے جائز حصے کے پانی کا مطالبہ کیا ہے اور اس موقف پر مسلسل قائم ہے۔

جام خان شورو کا کہنا تھا کہ کینالوں کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں زیرِ بحث آ کر حل ہو چکا ہے، اس لیے اس معاملے پر ایسے بیانات دینے سے گریز کیا جانا چاہیے جو صوبوں کے درمیان غلط فہمیاں یا نفرت کو فروغ دیں۔

صوبائی وزیر آبپاشی کا کہنا تھا کہ پانی کی دستیابی، تقسیم اور استعمال سے متعلق حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ انداز میں گفتگو کی جانی چاہیے، کیونکہ یہ ایک نہایت حساس قومی معاملہ ہے جس کا تعلق تمام صوبوں کے مفادات سے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے پیشِ نظر تمام سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے معاملات پر محتاط اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرے، تاکہ قومی سطح پر اتفاقِ رائے اور اعتماد کی فضا برقرار رہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں