احتجاج تاحیات کے لیے نہیں ہوتے، آئیں بات کریں، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آپ نے 30 دن تک احتجاج کا ریکارڈ بنالیا، احتجاج تاحیات کے لیے نہیں ہوتے،احتجاج کو ختم کریں، آئیں بات کریں۔
مظفرآباد میں پیپلزپارٹی کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ تاریخ نے ہمیں سکھایا ہے کہ انتہاپسندانہ رویوں سے ہمیں حقوق حاصل نہیں ہوتے، نظام میں رہتے ہوئے حقوق حاصل کرنے ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابی عمل سے بائیکاٹ کرنے والی سیاسی جماعتوں کے عمل کی مذمت کرتے ہیں، سیاسی جماعتوں کو سوچنا ہوگا کہ کیسے ہمیں آزاد کشمیر کے نوجوانوں کی امیدوں کو پورا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کی امیدوں کی تکمیل نہیں ہوگی تو انتشاری قوتیں فائدہ اٹھائیں گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں ایم کیو ایم اور بانی ایم کیو ایم والی سیاست نہیں دیکھنا چاہتا، انتخابات تک بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر میں ڈیرہ ڈالنے کا بھی اعلان کیا۔




