سوات: جھیل سیف اللّٰہ میں کشتی الٹ جانے سے 7 افراد کی موت، انکوائری رپورٹ میں اہم انکشافات

سوات: جھیل سیف اللّٰہ میں کشتی الٹ جانے سے 7 افراد کی موت، انکوائری رپورٹ میں اہم انکشافات
فائل فوٹو
فائل فوٹو 

سوات کی جھیل سیف اللّٰہ میں کشتی حادثے کی انکوائری رپورٹ کے پی حکومت کو بھیج دی گئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشتی چلانے والے کے پاس این او سی نہیں تھا، حادثے کی شکار کشتی میں کوئی چپو بھی نہیں تھا۔

سوات میں یکم جولائی کو جھیل سیف اللّٰہ میں کشتی الٹ جانے سے 7 افراد کے ڈوبنے کا واقعہ پیش آیا تھا، جھیل میں دوران سفر کشتی کا جنریٹر بند ہوگیا تھا، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محمد ایاز کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی نے رپورٹ صوبائی حکومت کو بھیج دی۔

کشتی الٹنے کے واقعے کی انکوائری رپورٹ نے پولیس، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور ٹورازم اتھارٹی کو ذمہ داری نبھانے میں ناکام قرار دیا، تمام کشتیوں کی لازمی رجسٹریشن کروانے اورلائف جیکٹس کی موجودگی یقینی بنانے کی سفارش کی۔

صوبائی حکومت کو بھیجی گئی رپورٹ کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ واقعےکے دن ٹورازم پولیس کے 37 میں سے 17 اہلکار چھٹی پر تھے، ریسکیو کی ایمبولینس واقعے کی جگہ تک پہنچنے اور واپس آنے کے دوران دو مرتبہ خراب ہوئی، سوات میں دفعہ 144 کے تحت غیرقانونی بوٹنگ اور نہانے پر پابندی تھی، لیکن ،پولیس عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی، پولیس نے ایف آئی آرز تیرنے کے خلاف درج کیں لیکن کشتی رانی کے خلاف مقدمات قائم نہیں کیے۔

انکوائری کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جھیل سیف اللّٰہ میں حادثے کے وقت پانی کا ریلہ تیزی سے آیا اور سیاحوں سمیت کشی کو بہا کر لے گیا، کشتی ملاح کے مطابق ان کو تیرنا آتا تھا، چھلانگ لگا کر جان بچائی۔

اپر سوات ڈیولپمنٹ اتھارٹی 5 سال سے بنی ہوئی ہے، جس کا ایکٹ بنا ہے، رولزو ریگولیشنز نہیں ہیں، ایکٹ کے مطابق کشتی رانی کو دیکھنا اپر سوات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ذمے داری نہیں، ڈی جی اپر سوات ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بتایا ہے کہ بورڈ بنے گا تب اس کو کور کریں گے۔

انکوائری کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کلچر اینڈ ٹورازم ایکٹ کے مطابق کشتی چلانے کے امور ان کی ذمے داری ہے، کلچر اینڈ ٹورازم کے مطابق اپر سوات ڈیولپمنٹ اتھارٹی بن گئی تو ان کی ذمے داری ختم ہوگئی۔

مقامی لوگ لکڑیوں سے کشتی تیار کرکے چلاتے ہیں، جن میں جنریٹر انجن لگا ہوتا ہے، جھیل سیف اللّٰہ میں 250 سے زیادہ کشتیاں چلتی ہیں، کشتی ملاحوں کے مطابق ایک لائف جیکٹ کی قیمت 5 ہزار روپے ہے، وہ نہیں خرید سکتے۔ 



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں