بھارت کی سمندر میں تیل و گیس تلاش کے 8.8ارب ڈالر منصوبے کی منظوری
نئی دہلی ( اے ایف پی) بھارت نے سمندر میں تیل و گیس تلاش کے 8.8 ارب ڈالر منصوبے کی منظوری دے دی۔ توانائی درآمدات پر انحصار کم کرنے کی کوشش، آف شور ذخائر کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر مہم شروع ہوگی۔بھارت نے توانائی کی درآمدات پر انحصار کم کرنے کے لیے سمندر میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی تلاش کے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے اس مقصد کے لیے 8.81 ارب ڈالر کی مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ نے ملک کے سمندری حدود میں وسیع پیمانے پر آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے کی منظوری دی۔ وزیر اطلاعات اشونی ویشنو نے کہا کہ مؤثر انداز میں تلاش کی صورت میں بھارت تیل و گیس کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔ بھارت اس وقت اپنی خام تیل کی ضروریات کا صرف 10 فیصد ملکی پیداوار سے پورا کرتا ہے، جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز پر پیدا ہونے والی صورتحال نے نئی دہلی کو مقامی توانائی کے ذرائع بڑھانے پر مزید توجہ دینے پر مجبور کیا ہے۔




