لاہور ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی

لاہور ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ (MDCAT) کا امتحان ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے خارج کر دی۔
درخواست پر سماعت جسٹس مرزا وقاص رؤف نے کی، سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سیکڑوں طلبہ اس وقت ایف ایس سی کے عملی (پریکٹیکل) امتحانات دے رہے ہیں، جس کے باعث انہیں ایم ڈی کیٹ کی تیاری کے لیے مناسب وقت نہیں مل سکا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ طلبہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان دینے کے اہل ہیں۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا پھر آپ کا مسئلہ کیا ہے؟
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ایف ایس سی کے پریکٹیکل امتحانات کی وجہ سے طلبہ کو تیاری کا مناسب موقع نہیں ملا، جس سے سیکڑوں طلبہ کا مستقبل متاثر ہو سکتا ہے، عدالت کے باہر بڑی تعداد میں طلبہ موجود ہیں جو امتحان ملتوی کیے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اس پر عدالت نے ریمارکس دیے ہمارے سامنے صرف ایک درخواست گزار ہے، آپ سب کا ٹھیکہ کیوں لے رہے ہیں؟
دلائل سننے کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔




