میری کنٹریکٹ بنیادوں پر ملازمت میں توسیع ہوئی، کسی پروفیسر کی پوسٹنگ متاثر نہیں ہو رہی: پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ

پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ---فائل فوٹو
پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ—فائل فوٹو 

سربراہ شعبۂ زچہ و بچہ جناح اسپتال پروفیسر ڈاکٹر نگہت شاہ نے کہا ہے کہ گائنا کالوجی میں میری کنٹریکٹ کی بنیادوں پر ملازمت میں توسیع ہوئی ہے تاہم اس سے کسی ایسوسی ایٹ پروفیسر کی پوسٹنگ متاثر نہیں ہو رہی۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر نگہت شاہ نے کہا کہ گائنا کالوجی کے مختلف یونٹس 2013ء سے بند تھے جبکہ جناح اسپتال میں 2022ء میں ایک بند یونٹ کا دوبارہ آغاز کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج کے ساتھ پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ اور ریسرچ بھی جاری ہے، ہمیں مزید ماہر ڈاکٹروں کی ضرورت ہے اور اہل ڈاکٹر کی تقرری پر انہیں کوئی اعتراض نہیں۔

ڈاکٹر نگہت شاہ کا کہنا ہے کہ میرا مقصد کسی دوسرے ڈاکٹر کی پوسٹنگ یا ترقی میں رکاوٹ بننا نہیں ہے۔

واضح رہے کہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر ایسوسی ایٹ پروفیسرز نے ڈاکٹر نگہت شاہ کی دوبارہ تقرری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ و دیگر کو خط لکھا تھا۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے کئی سینئر ایسوسی ایٹ پروفیسرز نے ڈاکٹر نگہت شاہ کی دوبارہ تقرری پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، متاثرہ پروفیسرز نے وزیرِ اعلیٰ سندھ، وزیرِ صحت سندھ اور وفاقی محتسب اعلیٰ کو خط ارسال کیا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی کے 19 مئی کے نوٹیفکیشن کے دوسرے پیرا کو نظر انداز کر دیا گیا ہے، ترقیوں کے منتظر 6 ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی ترقیاں متاثر ہو رہی ہیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں