سکھر تعلیمی بورڈ کے افسر غلام مصطفیٰ پیرزادہ کی تقرریوں اور ترقیوں کی تحقیقات کا حکم

سکھر تعلیمی بورڈ کے افسر غلام مصطفیٰ پیرزادہ کی تقرریوں اور ترقیوں کی تحقیقات کا حکم

محکمۂ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ نے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر کے افسر غلام مصطفیٰ پیرزادہ کی ابتدائی تقرری سے لے کر اب تک ہونے والی تمام ترقیوں، تعیناتیوں اور مکمل سروس ریکارڈ کی چھان بین کے لیے 3 رکنی فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔

محکمۂ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیٹی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ اور کنٹرولنگ اتھارٹی کی منظوری سے تشکیل دی گئی ہے۔ 

کمیٹی غلام مصطفیٰ پیرزادہ کی ملازمت کے آغاز سے موجودہ عہدے تک ان کی مکمل سروس پروفائل اور پیشہ ورانہ تاریخ کا جائزہ لے گی۔

سکھر تعلیمی بورڈ کے افسر غلام مصطفیٰ پیرزادہ کی تقرریوں اور ترقیوں کی تحقیقات کا حکم

کمیٹی ان کی تقرریوں، ترقیوں اور مختلف عہدوں پر تعیناتی کے قانونی جواز، اہلیت اور اختیار کیے گئے طریقۂ کار کی بھی جانچ کرے گی۔ 

شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے وائس چانسلر کمیٹی کے کنوینر ہوں گے، جبکہ محکمۂ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے ایڈیشنل سیکریٹری (اسٹیوٹا) اور اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج سکھر کے رجسٹرار کو رکن مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی اصل یا دستیاب سروس ریکارڈ، متعلقہ قواعد و ضوابط، نوٹیفکیشنز اور دیگر دستاویزات کا جائزہ لے گی اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ حکام سے مزید معلومات اور ریکارڈ بھی طلب کرسکے گی۔

کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واضح نتائج اور سفارشات پر مشتمل اپنی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے 30 روز کے اندر وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ کو پیش کرے۔

سکھر تعلیمی بورڈ کے چیئرمین، سیکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران کو انکوائری کمیٹی سے مکمل تعاون کرنے اور مطلوبہ ریکارڈ و معلومات بلاتاخیر فراہم کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ 

نوٹیفکیشن سیکشن افسر بورڈز محمد داؤد شاہ نے سیکریٹری محکمۂ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سندھ کی جانب سے جاری کیا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں