حنا جاوید قتل کیس، شریک ملزم ذیشان ارشد کی درخواست ضمانت پر سماعت
راولپنڈی کے تھانہ سول لائنز کے مشہور کیس حنا جاوید قتل کیس میں شریک ملزم ذیشا ن ارشد نے مقدمے میں اپنی نامزدگی کو بے بنیاد اور بلا جواز قرار دیدیا۔
ذیشان ارشد کی درخواست ضمانت پر عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سول لائنز کو نوٹس جاری کردیا اور مدعی مقدمہ کو آئندہ سماعت پر عدالت پر پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی نصیر احمد نے حنا جاوید قتل کیس کے شریک ملزم ذیشان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
ملزم ذیشان نے مقدمے میں اپنی نامزدگی کو بے بنیاد اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے ضمانت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
گزشتہ سماعت کے موقع پر مدعی مقدمہ عدالت میں پیش نہیں ہوا، جس پر عدالت نے ایس ایچ او تھانہ سول لائنز کو ہدایت کی کہ مدعی کو درخواست ضمانت سے متعلق آگاہ کیا جائے اور 19 ستمبر کو عدالت میں اس کی حاضری یقینی بنائی جائے۔
مقدمے کے مطابق حنا جاوید کی تشدد زدہ لاش گھر کے باتھ روم میں شاور سے لٹکی ہوئی ملی تھی جبکہ مقتولہ کے ہاتھ بھی بندھے ہوئے تھے۔
سول لائنز پولیس نے حنا جاوید کے قتل کے مقدمے میں مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر، سسر اصغر فیاض اور گھریلو ملازم ذیشان کو نامزد کر رکھا ہے، کیس کی آئندہ سماعت 19 ستمبر کو ہوگی۔




