91 فیصد پاکستانیوں نے کاروباری مشکلات کی شکایت کردی

پاکستانیوں کی اکثریت نے ملک میں کاروبار کو مشکل قرار دیا اور کاروباری مشکلات کی شکایت کردی۔
آئی پور کے سروے میں 91 فیصد پاکستانیوں نے ملک میں کاروباری مشکلات کی شکایت کی اور کاروبار کرنے کو مشکل ترین عمل قرار دیا ہے۔
سروے میں 46 فیصد نے پیچیدہ ٹیکس نظام اور 19 فیصد نے قرضوں تک رسائی نہ ملنے کی شکایت کی۔
سروے میں 12 فیصد پاکستانیوں نے کرپشن، 10 فیصد نے بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں، 7 فیصد نے حکومتی قوانین اور 2 فیصد نے سیاسی عدم استحکام کو کاروبار میں مشکلات کی وجہ قرار دیا۔
76 فیصد پاکستانیوں نے حکومت سے کاروبار کو تحفظ دینے کے لیے اضافی قانون سازی کا مطالبہ کیا جبکہ 66 فیصد پاکستانی ملک پر قرضوں کے بڑھتے بوجھ پر تشویش کا بھی اظہار کرتے نظر آئے۔
اس سوال پر کہ کیا آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اہم ہے؟ 30 فیصد نے اسے نقصاندہ قرار دیا جبکہ 19 فیصد نے اسے فائدے مند کہا، البتہ 38 فیصد نے رائے دی کہ آئی ایم ایف پروگرام سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں۔




