ایم کیو ایم قیادت کی زبان ناقابل برداشت ہے، شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم قیادت جو زبان استعمال کر رہی ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔
کراچی میں ایم کیو ایم قیادت کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں شرجیل میمن نےکہا کہ ایم کیو ایم فساد اور فتنے کو ہوا دے کر نفرت کے بیج بونا چاہتی ہے، ان کی یہ سازش ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت جو زبان استعمال کر رہی ہے، وہ ناقابل برداشت ہے، حکومت کو مصنوعی کہنے والی ایم کیو ایم پہلے اپنا مینڈینٹ ثابت کردے۔
سندھ کے سینئر وزیر نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم افراتفری اور 90ء کی دہائی کی دہائی کی سیاست چاہتی ہے، بھتاخوری، بوری بند لاشیں، اغوا برائے تاوان، جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ایم کیو ایم نے دی۔
اُن کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی صوبوں سے متعلق اپنا فیصلہ قرارداد کے ذریعے دے چکی، ایم کیو ایم کے پاس اکثریت ہوتی تو بلدیاتی انتخابات سے فرار نہ ہوتی۔
شرجیل میمن نے یہ بھی کہا کہ ایم کیو ایم والے جب مینڈیٹ کی بات کرتے ہیں، لوگوں کو ہنسی آجاتی ہے، اُن کی اصلی اکثریت کا سب کو علم ہے۔




