لاہور ہائیکورٹ: بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظربندی کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظر بندی کے خلاف درخواستیں سماعت کےلیے مقرر کردی ہیں۔ جسٹس عبہر گل خان کل درخواستوں پر سماعت کریں گی۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی نظربندی کے خلا ف درخواستیں علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز اور عظمیٰ خان کی بیٹی سکینہ نے دائر کی ہیں۔
درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں، ڈی سی لاہور نے نظر بندی کےغیر قانونی احکامات جاری کیے، 3 ایم پی او کا طریقہ کار نہیں اپنایا گیا بلکہ علیمہ خان کی گرفتاری کے بعد نظر بندی کے احکامات جاری ہوئے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈی سی کو درخواست دی مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوا، استدعا ہے کہ نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دیے جائیں۔
بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر پیش ہوں گے۔




