اختیار ولی کا خیبر پختونخوا حکومت کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دیے گئے فنڈز کے آڈٹ کا مطالبہ

اختیار ولی کا خیبر پختونخوا حکومت کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دیے گئے فنڈز کے آڈٹ کا مطالبہ

وزیراعظم شہباز شریف کے کو آرڈینیٹر اختیار ولی نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کےلیے صوبائی حکومت کو دیے گئے فنڈز کے آڈٹ کا مطالبہ کردیا۔

اختیار ولی نے اسلام آباد میں رکن قومی اسمبلی ثمر ہارون بلور کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر تشویش ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت دہشت گردی کے واقعات کی مذمت نہیں کرتی، خیبر پختونخوا میں امن کا گراف گر رہاہے، صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس نہ ہونے کے برابر ہے۔

وزیراعظم کے کو آرڈینیٹر نے مزید کہا کہ بتایا جائے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی کیا ترجیحات ہیں؟ صوبے میں منشیات کی اسمگلنگ عروج پر ہے، سیکیورٹی صورتحال بتدریج زوال پذیر ہے۔

ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ یہ لوگ پولیس کا مورال گرانے کی کوشش کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں خواتین اور بچے محفوظ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا لاہور کی سڑکوں پر ٹک ٹاک بناتے دکھائی دیے، پی ٹی آئی حکومت کے سیکیورٹی سے متعلق اقدامات شرمناک ہیں۔

ن لیگی ایم این اے نے یہ بھی کہا کہ شہدا کے گھروں میں جا کر ان کی دلجوئی کرنا ہم سب کی اخلاقی ذمےداری ہے، عطا تارڑ شہدا کے گھر گئے، اہلخانہ سے تعزیت کی اور غم بانٹا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں