گورنر راج آخری آپشن ہوگا، حکومت کوشش کر رہی ہے وہاں تک نہ جانا پڑے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج آخری آپشن ہوگا، حکومت کوشش کر رہی ہے کہ وہاں تک نہ جانا پڑے، کوئی راستہ نہ بچا تو دارالحکومت کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہر دو تین ماہ بعد لشکر کشی کے ذریعے دارالحکومت پر حملے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اگر دارالحکومت پر حملہ کیا جائے گا توحکومت کو تحفظ کا حق حاصل ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ گورنر راج کے حوالے سے حتمی فیصلہ حالات اور دستیاب آپشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا، حکومت گورنر راج سمیت تمام آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کر رہی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ عوام میں اتنا سیاسی شعور ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کو سمجھ سکتے ہیں، ہزاروں پاکستانیوں کے خون میں ملوث قوت کے ساتھ سیاسی اتحاد اور تعاون قابل قبول نہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کے پی حکومت اور طالبان کے درمیان روابط کے حوالے سے شواہد موجود ہیں۔




