وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کیے گئے مطالبات منظور کر لیے: گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی

خیبر پختون خوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی---فائل فوٹو
خیبر پختون خوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی—فائل فوٹو 

خیبر پختون خوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کیے گئے مطالبات منظور کر لیے ہیں، صوبے کو مزید فنڈز فراہم کرنے پر بھی آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختون خوا نے کہا کہ پہلی مرتبہ اتنے بڑے اجلاس میں وزیرِ اعظم، فیلڈ مارشل اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی، وزیرِ اعظم نے ہمارے مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے اور جائز مطالبات پر تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، صوبے کی ترقی کے لیے بھی وفاق کے سامنے اپنا مقدمہ لڑیں گے، شہداء پیکیج دیا گیا ہے، تجاوزات کے خاتمے اور صفائی مہم کو بھی ہدف بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اضاخیل گندم اسکینڈل کے ذمے داروں کو نتائج بھگتنا پڑیں گے، تجاوزات پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی کسی کی سفارش قبول کی جائے گی، جہاں بھی تجاوزات ہوں گی، متعلقہ ضلعی حکومت ذمے دار ہو گی۔

گورنر خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ گھر بیٹھ کر تنخواہیں لینے والوں کو اب کام کرنا ہو گا، انہیں اپنا بندوبست کرنا چاہیے، پولیس، وفاقی کانسٹیبلری اور محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کو درکار تعاون فراہم کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم اپنی ٹیم کو اختیارات دیں گے، ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات دے دیے گئے ہیں، یہ اختیارات کسی ایک شخص تک محدود نہیں ہوں گے بلکہ انہیں تقسیم کیا جائے گا، اگر افسران کے پاس اختیار نہیں ہو گا تو ان کا احترام کون کرے گا؟

فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا اور نہ ہی تبادلوں اور تعیناتیوں میں کسی کی سفارش چلے گی، ہم کسی سیاسی مقصد کے لیے نہیں بلکہ علاقے کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔

گورنر نے کہا کہ قبائلی عمائدین کے خاندانوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں، جب تک سزا اور جزا کا نظام قائم نہیں ہو گا، معاملات درست نہیں ہو سکتے، بے مقصد منصوبوں کو آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے معاملے سمیت صوبے کے دیگر حقوق کے لیے وفاق کے سامنے اپنا مقدمہ لڑیں گے، یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ تمام مطالبات پورے ہو جائیں گے،  وفاق سے ملنے والے تمام فنڈز صوبے کی ترقی پر خرچ کیے جائیں گے۔

گورنر خیبر پختون خوا نے یہ بھی کہا کہ ہم ایک بدلتے، نکھرتے اور مضبوط خیبر پختون خوا کی جانب بڑھ رہے ہیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں