چانڈکا اسپتال عوام کیلئے شہید بھٹو کا تحفہ ہے، عالمی معیار کا علاج فراہم کر رہے ہیں، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چانڈکا اسپتال عوام کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا تحفہ ہے، اسپتال پر اب جو بوجھ پڑا ہے اسپتال یہ بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں۔
لاڑکانہ میں 600 بستروں پر مشتمل نئے اسپتال کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں نصیر آباد اور دیگر علاقوں سے بھی عوام یہاں علاج کیلئے آتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلی بار ایم این اے منتخب ہوا تو چانڈکا میڈیکل کے ایم ایس سے رابطہ ہوا، ان سے ملاقات کے بعد اندازہ ہوا کہ کن مشکلات کا سامنا ہے، پیپلز پارٹی عوام کو عالمی معیار کا علاج پہنچا رہی ہے۔
انھوں نے کہا یہ ہونا چاہیے کہ علاج کی سہولت موجود ہو اور پیسے نہ ہونے سے کوئی شہری محروم رہے، موجودہ حالات میں عوام کے لیے علاج معالجے کی مفت سہولت زیادہ اہم ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ اعلیٰ تعلیم کی فراہمی پر 45 ارب روپے خرچ کر رہا ہے، معاشی مشکلات میں عوام کی ہم پر مزید ذمہ داری ہے، بلوچستان سے بھی عوام علاج کے لیے لاڑکانہ آتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کوشش ہوگی یہاں عالمی معیار کی صحت کی سہولتیں فراہم کریں، معاشی صورتحال کے پیش نظر سندھ بھر میں صحت کی سہولتوں پر توجہ دی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ لاڑکانہ شہر میں پانی کی فراہمی کی صورتحال اتنی بہتر نہیں، لاڑکانہ کو پانی کی فراہمی ممکن بنانا چاہتے ہیں، کوشش ہوگی تعلیمی اداروں کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں۔
انھوں نے کہا کہ تنقید کرنا آسان اور کام کرنا مشکل ہے، عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانا ترجیح ہے۔




