طالب علم روشم کی موت کے کیس میں پیش نہ ہونے پر عدالت کا پولیس افسران کو گرفتار کرنے کا حکم
منگھوپیر میں ڈکیتی کے دوران طالبعلم روشم کی ہلاکت کے کیس میں شوکاز نوٹس کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے پولیس افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں منگھوپیر میں ڈکیتی کے دوران طالبعلم روشم کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ شوکاز نوٹس جاری ہونے کے باوجود ایس ایس پی ایس آئی یو اور تفتیشی افسر (ایس آئی او) عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
جس پر عدالت نے دونوں افسران کے 50، 50 ہزار روپے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو حکم دیا کہ دونوں افسران کو گرفتار کرکے 17 نومبر تک عدالت میں پیش کیا جائے۔
سماعت کے موقع پر مدعی مقدمہ اور دیگر افراد نے احاطہ عدالت میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، مقتول کے والد روئیداد خان نے قتل کیس کی تفتیش کی منتقلی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق مقتول کے والد روئیداد خان نے کیس کی تفتیش کی منتقلی کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت نے کیس کی تفتیش موجودہ افسر سے کسی قابل افسر کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، پولیس حکام کی جانب سے اب تک احکامات پر عمل نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ منگھوپیر تھانہ کی حدود منگھوپیر گرین سٹی میں 7 اور 8 ستمبر کی درمیان شب گھر کے اندر گھس کر ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 16 سالہ روشم حسین جاں بحق ہو گیا تھا۔




