کیا بغیر وضو لیپ ٹاپ یا موبائل سکرین پر قرآن مجید کی تلاوت کی جاسکتی ہے؟
لاہور :سوال: کہا جاتا ہے کہ وضو یا طہارت کے بغیر موبائل یا کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کی سکرین پر قرآن کی تلاوت کی جاسکتی ہے، اسی طرح خواتین اپنے مخصوص ایام میں بھی چھوئے بغیر تلاوت کرسکتی ہیں، کیا یہ درست ہے؟کیا کوئی شخص وضو اور طہارت کے بغیر سکرین پر سورہ? یٰسین پڑھ سکتا ہے اور سکرین کو چھو بھی سکتا ہے؟
جواب: کسی مسلمان کا قرآن کی تلاوت کا شوق رکھنا ،یہ بجائے خود ایک سعادت اور نیکی ہے، رسول اللہ نے فرمایا: ترجمہ:” مومن کی نیت اس کے عمل سے بہتر ہے اور منافق کا عمل اس کی نیت سے بہتر ہے اور ہر شخص اپنی نیت کے مطابق عمل کرتا ہے، پس جب مومن (اپنی نیتِ صالح کے مطابق) عمل کرے تو اس کے قلب میں ایک نور پیدا ہوتا ہے۔(المعجم الکبیر للطبرانی :5942)“۔
نیت کے عمل سے بہتر ہونے سے مراد یہ ہے کہ مومن جب نیک کام کی نیت کرتا ہے تو ا±س کی نیت صادق اورصالح ہوتی ہے جبکہ عمل میں کبھی کوتاہی بھی ہوجاتی ہے یاکوئی خامی بھی رہ جاتی ہے اور منافق کاعمل نیت سے بہتر ہونے سے مراد یہ ہے کہ اس کی نیت تواپنی اصل کے اعتبار سے فاسد ہوتی ہے لیکن دکھاوے کے لئے بعض اوقات بظاہر عمل درست ہوتا ہے۔
(1)قرآنِ مجید (یعنی مصحَفِ مقدّس ) کو وضو اور طہارت کے بغیر چھونا منع ہے البتہ بے وضوزبانی تلاوت کرنا اگرچہ خلافِ مستحب اور خلافِ اَولیٰ ہے لیکن جائز ہے۔ موبائل یا لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کی سکرین پر چونکہ قرآنی کلماتِ مبارکہ کے نقوش ثبت نہیں ہوتے، یہ محض سوفٹ ویئر ہوتا ہے، لہٰذا سوفٹ ویئر پر قرآنِ کریم کی تلاوت کرسکتے ہیں۔اگر سوفٹ ویئر پر تلاوت کرتے ہوئے ورق پلٹنا پڑے توسافٹ ویئر کے جس حصے میں آیات نظر آرہی ہیں، اس حصے کو نہ چھوئے، اطراف سے چھوکر ورق پلٹے۔
جیسا کہ سطورِ بالا میں درج کیا ہے: افضل تو یہ ہے کہ باوضو اور باطہارت تلاوت کی جائے لیکن بے وضو زبانی یا سکرین پرتلاوت کرنا خلافِ مستحب اور خلافِ اَولیٰ ہے مگر جائز ہے، بعض اوقات انسان سفر کے دوران فلائٹ میں ہوتا ہے اور کئی حضرات سکرین پر تلاوت کر رہے ہوتے ہیں، ممکن ہے وہ باوضو نہ ہوں، بہرحال یہ جائز ہے لیکن افضل یہ ہے کہ حتی الامکان باوضو تلاوت کی جائے۔
(2) خواتین کے لئے ایامِ مخصوص میں قرآنِ کریم کی تلاوت کرنا اور قرآن ِ کریم کو چھونا بھی منع ہے، البتہ اگر کسی بلند جگہ سے اٹھاکر پڑھنے کے لئے بچے کو دینا ہے، تو کسی پاک کپڑے میں پکڑ کر دے سکتی ہیں۔



