جلد بجلی سستی ہو گی: وزیر خزانہ


وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے ٹاسک فورس کام کر رہی ہے، جلد بجلی سستی ہو گی۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مانتا ہوں کہ ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ایک بڑا اضافہ ہے، جیسے جیسے قرضوں کی ادائیگی ہوگی یہ صورتِ حال بہتر ہو گی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی سے متعلق بھی اعلان جلد کیا جائے گا، اس سال ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری تیزی سے آگے بڑھے گی، ایف بی آر میں اصلاحات کے عمل کی نگرانی وزیر اعظم خود کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، ایک تیسری عالمی ریٹنگ ایجنسی بھی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کا اعلان کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا سے ٹیرف مذاکرات کے بعد پاکستان کے ایکسپورٹ کے مواقع بڑھے ہیں۔ ہم صحیح سمت کی طرف جا رہے ہیں، ٹیکسیشن کے نظام کو ہم نے ٹھیک کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار زرعی آمدنی کو بھی ٹیکس نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، جتنی مالیاتی اسپیس میسر تھی اس کے مطابق تنخواہ داروں کو ٹیکس ریلیف دے چکے، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدوں کا ہدف معاشی ترقی ہے، اس سال کے آخر میں پانڈا بانڈ جاری کررہے ہیں، چین سے بھی ہم معاہدے کر رہے ہیں، دو دن پہلے گیلپ کے سروے میں کاروباری برادری کا اعتماد بڑھ رہا ہے، آنے والے دنوں میں مزید بہتری کی اُمید ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کاروباری لوگوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی ہو، پرائیویٹ سیکٹر نے اس ملک کی اکانومی کو لیڈ کرنا ہے، ہمارا کام کاروباری طبقے کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہے، وزیراعظم کی قیادت میں ملک کے تمام چیمبرز سے ہم رابطے میں ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کھلے دل کے ساتھ سب کو اعتماد میں لینے کے عمل پر کار بند ہے، جہاں جہاں کاروبار میں جائز تشویش ہے اس کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے مشاورتی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں، میری درخواست ہے ہم مل جل کر قدم سے قدم ملا کر چلیں، ہم نے پاکستان کو خوشحال ملک بنانا ہے، اللّٰہ ہمیں اتحاد اور اتفاق سے ملک کی خدمت کرنے کی توفیق دے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سب کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہماری پہچان لاکھوں لوگوں کی قربانیوں نتیجہ ہے، مختلف سیکٹرز میں معیشت میں بہتری پر آپ کے سامنے ہے، مجھے اُمید ہے اس سال معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے، نجی شعبوں کے قرضوں میں 38 فیصد اضافہ ہوا ہے، ہم نے پچھلے سال میں ایک ٹریلین ڈیٹ سروس ادا کی ہے، ہم اپنا ہاؤس ان آرڈر کر رہے ہیں، اسٹاک ایکسچینج میں 60 فیصد گروتھ ہوئی ہے، اسٹاک ایکسچینج میں اچھی بات یہ ہے نئے سرمایہ کاروں میں اضافہ ہوا ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے 45 وزارتوں اور محکموں کی رائٹ سائزنگ کا عمل شروع کیا ہے، سرکاری اداروں کی نجکاری تیزی سے بڑھے گی، وزیر اعظم ایف بی آر ٹرانسفارمیشن کی میٹنگز کی خود نگرانی کر رہے ہیں، بجٹ کی تشکیل میں نہیں پورے سال آپ سے رابطہ میں رہیں گے۔