ایس ایس پی کے گھر ڈکیتی، تفتیش میں پیشرفت

کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایس ایس پی توحید میمن کے گھر میں ڈکیتی کے حوالے سے پولیس کی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واردارت میں گھر کے ملازمین ملوث لگتے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واردات کے وقت اہلِ خانہ گھر پر موجود نہیں تھے، واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
اس ضمن میں وزیرِ داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے ایس ایس پی توحید میمن اور ترجمان حکومت سندھ سیدہ اقربا کے گھروں میں ڈکیتی کی واردات کرنے والے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
وزیرِ داخلہ سندھ کے دفتر کے مطابق وزیرِ داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے ہدایت کی ہے کہ ایس ایس پی ساؤتھ فی الفور جملہ ابتدائی پولیس کارروائی سے آگاہ کریں ۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ساؤتھ میں پولیس سیکیورٹی پلان پر مشتمل حکمتِ عملی اور لائحہ عمل کی تفصیلات سے آگاہی دی جائے، ضلعی سطح پر انٹیلیجنس کو بڑھاتے ہوئے ڈاکوؤں کی جلد گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔
وزیرِ داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ علاقے میں دستیاب سی سی ٹی وی کیمراز کی ممکنہ فوٹیجز کو تفتیش کا حصہ بنایا جائے، واقعے کی تفتیش اور پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے۔




