کراچی: ولیکا اسپتال میں انفیکشن سے بچاؤ اور کنٹرول سے متعلق سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف

کراچی: ولیکا اسپتال میں انفیکشن سے بچاؤ اور کنٹرول سے متعلق سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف
کلثوم بائی ولیکا اسپتال(فائل فوٹو)۔
کلثوم بائی ولیکا اسپتال(فائل فوٹو)۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے کراچی کے کلثوم بائی ولیکا اسپتال کا فالو اپ معائنہ کیا۔ کمیشن کے ترجمان کے مطابق انفیکشن سے بچاؤ اور کنٹرول سے متعلق بیشتر سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔  

ترجمان کے مطابق استعمال شدہ سوئیاں شارپ ویسٹ بنز میں نہ ہونے پر تشویش ہے، استعمال شدہ سوئیوں کی تلفی کے طریقہ کار کا تسلی بخش جواب نہ مل سکا۔  

ترجمان کے مطابق اسپتال کا عملہ سوئیوں کو تلف کرنے کے طریقہ کار پر تسلی بخش جواب نہیں دے سکا، اسپتال کے عملے کو انفیکشن سے بچاؤ کی تربیت نہیں دی گئی۔ 

 ترجمان کے مطابق اسپتال کے عملے کو طبی فضلے کی تلفی کی تربیت نہیں دی گئی، اسپتال انتظامیہ انفیکشن کنٹرول پر تحریری پالیسی پیش نہ کرسکی۔

سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق اسپتال انتظامیہ اس سے متعلق گائیڈ لائنز بھی پیش نہ کرسکی۔ ترجمان نے کہا آٹو کلیومشین کی ورکنگ کنڈیشن کی تصدیق نہ ہوسکی، دوران معائنہ او ٹی اور نرسنگ اسٹاف غیر حاضر تھے۔ 

ترجمان کے مطابق طبی فضلہ اٹھانے اور تلفی کیلئے نجی کنٹریکٹر کے عملے کو مناسب تربیت نہیں ملی، آپریشن تھیٹر میں انفیکشن کنٹرول کے اصولوں پر مکمل عملدرآمد نہ ہونے کی نشاندہی ہوئی۔  

ترجمان کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے خامیوں کے ازالے کے لیے سنجیدہ کوششیں کی ہیں، کلر کوڈڈ ویسٹ بنز اور آٹو ڈس ایبل سرنجوں کی خریداری کی گئی۔ 

 ترجمان کے مطابق بیشتر سفارشات پر مکمل عملدرآمد نہ ہوسکا، اسپتال کو دوبارہ تمام معاملات سے آگاہ کیا گیا ہے۔ اگر اسپتال میں ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو کاررواٸی ہوگی، کاررواٸی کی صورت میں مختلف شعبے سیل کیے جاسکتے ہیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں