کراچی: ایڈمن سوسائٹی کی عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی، تعداد 4 ہوگئی

فوٹو: جنگ / شعیب احمد
فوٹو: جنگ / شعیب احمد 

کراچی کی بلوچ کالونی ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہوگئی۔

ترجمان جناح اسپتال کا کہنا ہے کہ 14 زخمی اسپتال لائے گئے تھے، 13 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا، اس وقت ایک زخمی زیر علاج ہے، جناح اسپتال میں 3 لاشیں منتقل کی گئیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں کل گرنے والی 6 منزلہ عمارت کا ملبا اٹھانے کا کام جاری ہے، 600 گز کے رہائشی پلاٹ پر تعمیر چھ منزلہ عمارت چند لمحوں میں زمین بوس ہوگئی، عمارت کا منظور شدہ نقشہ گراؤنڈ پلس ون کا تھا، مگر پانچ اضافی منزلیں تعمیر کردی گئیں، چھٹی منزل ابھی مکمل نہیں ہوئی تھی جبکہ عمارت مبینہ طور پر گزشتہ ایک سال سے زیر تعمیر تھی۔ مسماری کا نوٹس جاری ہونے پر بلڈرز نے حکمِ امتناع حاصل کرلیا تھا۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ریکارڈ کے مطابق پلاٹ پر فلیٹس اور یونٹس کی تعمیر کی اجازت نہیں تھی، تعمیرات سے منسلک افراد میں محمد عبداللّٰہ شکیل، بلال شکیل اور ذیشان اسلم عرف شانی کے نام سامنے آئے ہیں، جبکہ آرکیٹیکٹ کا نام محمد فرحان بصیر بتایا گیا ہے۔ ان تمام افراد کے کردار اور ذمہ داری کا تعین تحقیقات کے بعد ہوگا۔

یونین کمیٹی نمبر 3 محمود آباد کی جانب سے پلاٹ مالکان کو تین بار نوٹس جاری کیے، ایس بی سی اے نے بھی پلاٹ مالکان کو نوٹس جاری کیے، تاہم مالکان اور بلڈرز نے عدالت سے اسٹے آڈر لے لیا تھا۔

میئر کراچی نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور پورشن مافیا سمیت دیگر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے۔

تشویش کی بات یہ ہے کہ اطلاعات کے مطابق ایڈمن سوسائٹی میں دو درجن سے زائد عمارتیں ایسی ہیں جہاں رہائشی پلاٹس پر کمرشل طرز کی تعمیرات جاری ہیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں