زبردستی اور دھونس سے ن لیگ کو کشمیر میں الیکشن چوری کرنے نہیں دیں گے، شرجیل میمن

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اپنے بدمعاشوں اور غنڈوں کو لگام دے، زبردستی اور دھونس سے ن لیگ کو کشمیر میں الیکشن چوری کرنے نہیں دیں گے۔
ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ ن لیگ سمجھتی ہے ہر کوئی بکاؤ مال ہے، لالچ دے کر وہ سب کو خرید سکتے ہیں، ن لیگ کے گلو بٹوں نے پیپلز پارٹی کے ایک ورکر کو شہید کرکے اپنی فاشسٹ روایت کو برقرار رکھا۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ کے امیدواروں کی جانب سے اسلحہ کے آزادانہ استعمال پر الیکشن کمیشن کی خاموشی افسوسناک ہے، ن لیگ اپنی شکست کو دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتری ہوئی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا ن لیگ 2014 کی طرح کشمیر میں خیرات کا مینڈیٹ حاصل کرنا چاہتی ہے، خیراتی مینڈیٹ والی اور فارم 47 کی پیداوار ن لیگ کشمیر میں ماحول خراب کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا کشمیری عوام پُرامن ہیں اور وہ ن لیگ کے دہرے اور اوچھے ہتھکنڈوں سے اچھی طرح واقف ہیں، ن لیگ کی قیادت کان کھول کر سُن لے کشمیر کے پُرامن ماحول کو خراب ہونے نہیں دیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا ن لیگ کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔




