کاروباری شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے، وزیراعظم

کاروباری شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے، وزیراعظم
تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ کاروباری شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے، اس اقدام سے سرمایہ کاری اور پیداوار میں اضافہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی بڑھانے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ 

اس موقع پر انھوں نے کہا کہ کاروباری شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی سے برآمدات میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔ 

وزیر اعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبارکے لیے قرضوں تک رسائی تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جو بینک کاروباری شعبے بالخصوص ایس ایم ایز کو سب سے زیادہ قرضے دے گا اسے خصوصی ایوارڈ دیں گے۔ 

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مالیات تک رسائی کے فروغ کے لیے تین سطحی گورننس ڈھانچے کی منظوری بھی دی۔ 

اعلامیہ کے مطابق مالیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے، اسی طرح مالیات تک رسائی بڑھانے کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہی وزیر خزانہ کریں گے۔ 

اعلامیہ کے مطابق ایس ایم ای، زرعی، آئی ٹی، نئی توانائی اور ہاؤسنگ فنانس کے لیے الگ شعبہ جاتی ذیلی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ 

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس ایم ای فنانسنگ کا حجم 1.15 ٹریلین روپے سے بڑھا کر جون 2028 تک 2 ٹریلین روپے تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 

بریفنگ کے مطابق جون 2028 تک ایس ایم ای قرض لینے والوں کی تعداد کو موجودہ 3 لاکھ 24 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار کیا جائے گا۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بینکاری قرضوں میں ایس ایم ای فنانسنگ کا حصہ موجودہ 9.9 فیصد سے بڑھا کر جون 2028 تک 13 فیصد کیا جائے گا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں