وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے وفد کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق امریکی وفد میں ریان زنکے اور نمائندہ مائیکل بومگارٹنر شامل تھے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ امریکی کانگریس ارکان کا دورہ پاک امریکا مضبوط تعلقات کی جانب خوش آئند قدم ہے۔
انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور پاک بھارت جنگ بندی کےلیے ان کی جرات مندانہ اور فیصلہ کن مداخلت کا ذکر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تجارت، زراعت، آئی ٹی اور توانائی میں امریکا سے تعاون مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔
امریکی وفد نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے پاکستانی قیادت کے ساتھ بہترین تعلقات کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی امن کی کوششوں میں پاکستان کے کلیدی کردار پر وزیراعظم کو سراہا۔
بعدازاں وزیراعظم نے امریکی کارپوریٹ سیکٹر کے ایگزیکٹوز کے وفد کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا۔




