سعودی بجٹ خسارہ برقرار، دوسری سہ ماہی میں 34ارب ریال سے تجاوزکرگیا
ریاض (شاہد نعیم)سعودی بجٹ خسارہ برقرار، دوسری سہ ماہی میں 34ارب ریال سے تجاوز کر گیا، تیل کی آمدنی میں 22 فیصد اضافہ، پہلی ششماہی کا مجموعی خسارہ 160 ارب ریال تک پہنچ گیا۔ سعودی وزارتِ خزانہ نے 2026 کی دوسری سہ ماہی میں بجٹ کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے۔ آمدنی 338.8 ارب ریال جبکہ اخراجات 373 ارب ریال رہے ہیں۔ وزارت کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق دوسری سہ ماہی میں مجموعی بجٹ خسارہ 34.28 ارب ریال ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا دوسری سہ ماہی کے دوران تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی 185.1 ارب ریال رہی جو گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 151.7 ارب ریال یعنی 22 فیصد زیادہ ہے۔ نان آئل آمدن 153.7 ارب ریال ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ برس کی دوسری سہ ماہی میں یہ آمدنی 149.8 ارب ریال تھی، اس میں اضافے کی شرح 3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ سالِ رواں کی پہلی ششماہی کے دوران مجموعی آمدن 599.7 ارب ریال رہی جبکہ اخراجات 759.7 ارب ریال تک پہنچ گئے، بجٹ خسارہ 160 ارب ریال تک پہنچ گیا۔ پہلی ششماہی میں تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی 329.8 ارب ریال رہی جو گزشتہ برس اسی مدت کے دوران 301.5 ارب ریال تھی۔ نان آئل آمدن 296.9ارب ریال رہی جبکہ گزشتہ برس یہ آمدنی 263.6ارب ریال تھی،رپورٹ کے مطابق پہلی ششماہی کے دوران صحت اور سماجی ترقی کے شعبے میں سب سے زیادہ 170.6 ارب ریال کے اخراجات کیے گئے۔ دوسرے نمبر پر عسکری شعبے میں اخراجات 124.5ارب ریال رہے ہیں۔ تعلیم کے شعبے پر اخراجات 109.2رب ریال، سکیورٹی اور انتظامی سیکٹر میں 66.8 ارب ریال، بلدیاتی خدمات پر 46.2ارب ریال اور ٹرانسپورٹ و انفرا سٹرکچر پر 22.4ارب ریال کے اخراجات کیے گئے۔




