امریکہ کا درجنوں ممالک کیلئے ویزا بانڈ پروگرام مستقل بنانے کا فیصلہ
کراچی (نیوز ڈیسک) امریکہ کا درجنوں ممالک کیلئے ویزا بانڈ پروگرام مستقل بنانے کا فیصلہ ، بعض درخواست گزاروں سے 20 ہزار ڈالر تک بانڈ لیا جائے گا، کاروباری اور سیاحتی ویزوں پر نئی پالیسی لاگو ہوگی۔ فہرست میں شامل 50ممالک میں 30افریقی ،ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہےاقدام غیرقانونی قیام کی حوصلہ شکنی کیلئے کیا جا رہا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق امریکا نے درجنوں ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا بانڈ پروگرام کو مستقل بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت قونصلر افسران کاروباری (B1) اور سیاحتی (B2) ویزا درخواست گزاروں سے ویزا جاری کرنے کی شرط کے طور پر 20 ہزار ڈالر تک کا بانڈ طلب کر سکیں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام ویزا کی مدت ختم ہونے کے بعد غیرقانونی قیام کی حوصلہ شکنی کے لیے کیا جا رہا ہے۔ نئی پالیسی 3 اگست سے نافذ ہوگی اور اس کا اطلاق 50 ممالک پر ہوگا، جن میں 30 افریقی ممالک شامل ہیں۔ اس سے قبل آزمائشی پروگرام میں 5 ہزار، 10 ہزار اور 15 ہزار ڈالر تک کے بانڈ لیے جاتے تھے، تاہم اب کم از کم 5 ہزار ڈالر کا آپشن ختم کرکے زیادہ سے زیادہ حد 20 ہزار ڈالر مقرر کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب امیگریشن کے حامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جائز مسافروں کی امریکا آمد کی حوصلہ شکنی کرے گا، جبکہ ناقدین ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کو قانونی امیگریشن کے لیے بھی رکاوٹ قرار دے رہے ہیں۔




