ڈرون حملے کے بعد مصری بحری افسران نے بڑی تباہی ٹالنے کی داستان سنادی
قاہرہ ( اے ایف پی)ڈرون حملے کے بعد مصری بحری افسران نے بڑی تباہی ٹالنے کی داستان سنادی۔ گیس بردار دو جہازوں میں آگ، پوری بندرگاہ خطر ے میں آگئی،کپتانوں نے جان پر کھیل کر آگ پر قابو پایا۔ اگر آگ مائع قدرتی گیس کے ذخائر تک پہنچ جاتی تو پورا بندرگاہی علاقہ اور دمیاط شہر کا بڑا حصہ تباہ ہو سکتا تھا۔مصر کی دمیاط بندرگاہ پر ڈرون حملے کے بعد گیس بردار دو جہازوں میں لگنے والی آگ پر قابو پانے والے بحری افسران نے انکشاف کیا ہے کہ اگر آگ مائع قدرتی گیس کے ذخائر تک پہنچ جاتی تو پورا بندرگاہی علاقہ اور دمیاط شہر کا بڑا حصہ تباہ ہو سکتا تھا۔ امریکی ملکیت کے Energos Winter اور یونانی کمپنی کے GasLog Salem نامی جہاز ایک دوسرے کے ساتھ لنگر انداز تھے جب بدھ کے روز دھماکے ہوئے۔ ایک کپتان نے بتایا کہ انہیں روانگی سے پہلے آخری دعا پڑھ لینے کو کہا گیا تھا کیونکہ واپسی کی امید کم تھی۔ مصری وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی نے تصدیق کی کہ ممکنہ بڑے دھماکے سے بچنے کے لیے دونوں جہاز فوری طور پر بندرگاہ کے حساس حصے سے ہٹا دیے گئے۔




