کراچی میں سب سے زیادہ بارش کہاں پر ہوئی؟ اعداد و شمار جاری

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش اور بوندا باندی کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں 4.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سرجانی ٹاؤن میں 4 اور گلشن معمار میں 3.4 ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایم 9 موٹروے پر 2.3 اور کیماڑی میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جناح ٹرمینل، اولڈ ایئر پورٹ، کورنگی اور نارتھ کراچی سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔
کراچی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان
کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، شہر میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجۂ حرارت 28.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اس وقت شہر میں جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔




