آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ بندش سے متاثر طلبہ کی ایم ڈی کیٹ میں شرکت یقینی بنانے کیلئے اقدامات
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے آزاد جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ بندش سے متاثرہ طلبہ کی ایم ڈی کیٹ میں شرکت یقینی بنانے کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس مقصد کیلئے پی ایم ڈی سی نے اسلام آباد میں الگ امتحانی مرکز قائم کر دیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں پی ایم ڈی سی کا ذیلی دفتر قائم کرنے پر بھی اصولی اتفاق کر لیا گیا ہے۔
یہ فیصلے سیکریٹری صحت حکومت آزاد جموں و کشمیر بریگیڈیئر عامر رضا اور جوائنٹ ایڈمیشن کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر کی صدر پی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج، رجسٹرار بریگیڈیئر (ر) ریحان نقوی اور ڈائریکٹر ایڈمیشن افیئرز ڈاکٹر امداد علی خوشک سے ملاقات کے دوران کیے گئے، جس میں آزاد کشمیر کے طلبہ کو ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن میں درپیش مشکلات اور ان کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سیکریٹری صحت آزاد جموں و کشمیر نے بتایا کہ خطے میں طویل عرصے سے جاری انٹرنیٹ بندش کے باعث طلبہ کو ایم ڈی کیٹ رجسٹریشن میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، جس پر انہوں نے پی ایم ڈی سی سے درخواست کی کہ متاثرہ طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ کوئی اہل امیدوار امتحان سے محروم نہ رہے۔
اس موقع پر صدر پی ایم ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ کونسل پہلے ہی آزاد کشمیر کے طلبہ کی سہولت کے لیے متعدد خصوصی اقدامات کر چکی ہے اور حکومت پاکستان اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ ہر اہل طالب علم کو ایم ڈی کیٹ میں شرکت کا مساوی موقع فراہم کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ غیر معمولی حالات کے باعث رجسٹریشن کی آخری تاریخ معمول کی فیس کے ساتھ دو مرتبہ بڑھائی گئی، پہلے 13 جولائی تک اور بعد ازاں 23 جولائی 2026 تک توسیع دی گئی۔
صدر پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے واٹس ایپ، ای میل، بذریعہ ڈاک اور ذاتی طور پر رجسٹریشن درخواستیں جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ رجسٹریشن میں مشکلات کا سامنا کرنے والے طلبہ براہ راست پی ایم ڈی سی سے رابطہ کر کے ہر ممکن معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے آزاد کشمیر کے طلبہ کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں خصوصی ایم ڈی کیٹ امتحانی مرکز بھی قائم کیا گیا ہے، جس کے حوالے سے عوامی نوٹس جاری کرنے کے ساتھ رجسٹریشن اور امتحانی امور میں رہنمائی کے لیے ایک فوکل پرسن بھی مقرر کیا گیا ہے۔
ملاقات میں صدر اور رجسٹرار پی ایم ڈی سی نے آزاد کشمیر حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ دونوں فریقوں کے درمیان اصولی طور پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں پی ایم ڈی سی کا ذیلی دفتر قائم کیا جائے۔ اس تجویز کو باضابطہ منظوری کے لیے پی ایم ڈی سی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
آخر میں سیکریٹری صحت آزاد جموں و کشمیر اور چیئرمین جوائنٹ ایڈمیشن کمیٹی نے پی ایم ڈی سی کی جانب سے بروقت اقدامات اور آزاد کشمیر کے طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے کوئی بھی اہل طالب علم ایم ڈی کیٹ میں شرکت سے محروم نہیں رہے گا۔




