لاہور: تیز رفتاری نے 5 زندگیاں نگل لیں، گاڑی 8 فٹ اونچا اچھل کر نیچے آئی، بچوں کی لاشیں بکھر گئیں

لاہور میں تیز رفتاری، غفلت اور لاپرواہی 5 زندگیاں لے گئی، کینال روڈ پر تیز رفتار کار نے 2 راہگیر نوجوانوں کو کچل دیا، حادثے میں کار میں سوار 3 افراد بھی جاں بحق ہوئے اور کار میں موجود 11 سال کا بچہ زخمی ہوا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کار سوار لڑکا ڈرفٹنگ کر رہا تھا، جاں بحق ہونے والوں کی عمریں 15 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔

ایس ایس پی ٹریفک سٹی زون مقصود لون کا کہنا ہے کہ کینال روڈ پر کار حادثہ صبح 6 بجے کے قریب پیش آیا، بظاہر لگ رہا ہے کہ اوور سپیڈ اور غفلت کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں 3 کار سوار لڑکے اور 2 صبح کی سیر کرنے والے نوجوان شامل ہیں، کم عمر لڑکا انتہائی تیز رفتار کار کی ڈرفٹنگ کر رہا تھا کہ کار نے بے قابو ہو کر پہلے نہر کے ساتھ فٹ پاتھ پر صبح کے سیر کرتے 2 نوجوانوں کو کچلا، پھر بجلی کے پول سے ٹکرائی، پھر کار اِس قدر ہوا میں اُچھلی کہ تقریباً 8/9 فٹ کی بلندی پر درخت کے موٹے تنے کو ایسے کاٹ دیا، جیسے کسی مالی نے کاٹا ہو۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسی درخت کا ایک کافی اونچا تنا بھی حادثے کی وجہ سے ٹوٹ گیا، حادثے کے بعد درخت کے تنے اور شاخیں اور بچوں کی لاشیں ایسے بِکھر گئیں، جیسے وہاں کوئی شدید طوفان گزرا ہو۔

جاں بحق ہونے والا 17 سالہ جاوید سیالکوٹ کا رہائشی تھا، وہی گاڑی چلا رہا تھا، دیگر جاں بحق ہونے والوں میں 18سالہ نعمان اور 17 سالہ فرقان بھی کار سوار ہیں، جبکہ زخمی ہونے والا 11سالہ لڑکا ایان بھی کار سوار ہے، یہ چاروں کزنز تھے۔

تاج پورہ کا رہائشی 15 سالہ مزمل اور فتح گڑھ کا رہائشی 18سالہ عبدالرحمان صبح کی سیر کر رہے تھے، یہ دونوں بھی کار کی ٹکر سے جاں بحق ہو گئے، ریسکیو نے چاروں لاشیں جنرل اسپتال جبکہ زخمی کو سروسز اسپتال منتقل کر دیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے نعمان اور فرقان کویت سے آئے ہوئے تھے، ایک اطلاع کے مطابق چاروں لڑکے گھر والوں کو سوتا چھوڑ کر مبینہ طور پر گاڑی لے کر نکلے تھے، جبکہ ایک اور اطلاع کے مطابق لڑکے کسی بیکری سے ناشتے کا سامان لینے جا رہے تھے، تاہم پولیس واقعےکی تحقیقات کر رہی ہے۔ 



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں