پاکستان اور جاپان کے درمیان سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کیلئے گرانٹ معاہدے پر دستخط
پاکستان اور جاپان کے درمیان سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کےلیے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جاپان سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے منصوبے کیلئے 2.58 ارب جاپانی ین گرانٹ دے گا۔ جاپانی گرانٹ کی مالیت تقریباً 16.4 ملین امریکی ڈالر ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ منصوبے کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔ سیلاب کے خطرات سے دوچار آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا۔ ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر سیکریٹری اقتصادی امور اور جاپانی سفیر نے دستخط کیے۔
اس سلسلے میں سیکریٹری اقتصادی امور حمیر کریم کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ قدر ترقیاتی شراکت دار ہے۔ جاپان کی مسلسل دوستی اور فراخ دلانہ ترقیاتی معاونت قابلِ قدر ہے۔
سیکریٹری اقتصادی امور نے کہا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاپان کے پائیدار عزم کو سراہتے ہیں۔




