آئین میں درج ہے سود کو مکمل ختم ہونا ہے: حافظ نعیم الرحمٰن

امیرِ جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ آئین میں درج ہے کہ سود ختم ہونا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سود کے خاتمے کے لیے کیا گیا؟ گزشتہ روز مانیٹری کمیٹی نے شرح سود کو برقرار رکھا جو جرم ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ قرضے اور اس کا بوجھ پاکستان کی عوام اٹھا رہی ہے، حکومت پالیسی ریٹ کم کرنے کو تیار نہیں، حکومت پالیسی ٹھیک کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پالیسی ریٹ کم کرے، شاہ خرچیاں کم کرے، ان کے حساب کتاب قوم کے سامنے آنے چاہئیں، 20، 20 لاکھ روپے ایک سیکریٹری میٹنگ کے وصول کرتا ہے۔
امیرِ جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ فائیو اسٹار، سیون اسٹار ہوٹلوں میں ٹھہرتے ہیں، یہ پیسہ غریب عوام کا ہے، مارچ روکنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی ختم کریں، حکومت کہتی ہے لیوی ختم کر دیں تو فنڈ کہاں سے آئے گا۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت کے پاس پیسہ نہ آنا ایف بی آر کی نااہلی ہے، حکومت ایف بی آر میں اربوں روپے کی کرپشن روکے۔




