کراچی: سفاری پارک میں ہتھنی مدھو بالا بیمار، اچانک زمین پر گر گئی

—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

کراچی کے سفاری پارک کی ہتھنی مدھو بالا ممکنہ انفیکشن کے باعث بیمار ہو کر اچانک زمین پر گر گئی، ہتھنی کو ماضی میں بھی انفیکشن اور پھوڑے کے مسائل کا سامنا رہا ہے۔

سفاری پارک کے انتظامیہ کے مطابق مدھو بالا کو کھڑا کرنے کے لیے کرین کی مدد لی گئی۔

انتظامیہ کا کہنا  ہے کہ مدھو بالا کی داہنی پچھلی ران پر سوجن ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی اس ٹانگ کا استعمال نہیں کر پا رہی ہے۔

پارک انتظامیہ نے مزید بتایا ہے کہ مدھو بالا کو پچھلے دنوں کیلشیم کی کمی کا مسئلہ بھی درپیش تھا تاہم اب اس میں بہتری آئی ہے۔

سفاری پارک کے انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ مدھو بالا کے کچھ طبی ٹیسٹ بھی کروائے گئے ہیں۔

ویٹرنری ماہر کا کہنا ہے کہ مدھو بالا کو دی جانے والی ادویات میں اینٹی بائیوٹک شامل ہے اور یہ ادویات ممکنہ بیکٹیریا سے ہونے والے انفیکشن کے خدشے کے پیش نظر دی گئی ہیں۔

ویٹرنری ماہر نے مزید بتایا ہے کہ ہتھنی مدھو بالا کی بیماری کی حتمی وجہ جاننے کے لیے مزید طبی معائنہ ضروری ہے، طویل عرصے تک سخت فرش پر رہنا ہاتھیوں کے پاؤں کے مسائل کی ایک بڑی وجہ بن سکتا ہے۔

دوسری جانب ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کہنا ہے کہ ہتھنی مدھو بالا کی صحت سے متعلق علم نہیں ہے۔

واضح رہے مدھو بالا کو نومبر 2024ء میں کراچی کے چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا گیا تھا، اس وقت سفاری پارک میں مدھو بالا کے ساتھ دیگر ہتھنیوں سونیا اور ملکہ شامل تھیں، جبکہ میں ہتھنی سونیا، مدھو بالا کی سفاری پارک منتقلی کے 1 ماہ بعد ہلاک ہو گئی تھی۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں