پی ٹی آئی کیخلاف حکومتی اقدامات بوکھلاہٹ کی طرف اشارہ ہیں، بیرسٹر عمیر نیازی

پی ٹی آئی کیخلاف حکومتی اقدامات بوکھلاہٹ کی طرف اشارہ ہیں، بیرسٹر عمیر نیازی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کیخلاف حکومت کے اقدامات بوکھلاہٹ کی طرف اشارہ ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں عمیر نیازی اور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے شرکت کی، اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دہشت گردی کا نہ مذہب ہوتا ہے نہ کوئی خطہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ہر جگہ کا مسئلہ ہے کسی ایک طبقے سے منسوب کرنا غلط ہے، پی ٹی آئی کے خلاف حکومت کے اقدامات بوکھلاہٹ کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

بیرسٹر عمیر نیازی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کے پاسپورٹ تک عدالت سے بلاک کرائے گئے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ جو ہوا وہ ہونا نہیں چاہیے تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اتنا تنگ کردیا ہے کہ اب کھانے کے لالے پڑے ہوئے ہیں، حکومت تب گرتی ہے جب اخلاقی جواز کھو بیٹھتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ سیاسی جماعت ہے کچھ حوصلہ دکھائے، سہیل آفریدی عوامی وزیراعلیٰ ہیں کھلے عام عوام میں پھر رہے ہیں۔ کیا وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ کی سڑکوں پر ایسے گھوم پھر سکتے ہیں، بتایا جائے کہ کیا وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے صوبے میں ایسے کسی فٹ پاتھ پر نظر آئیں گی؟

بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ ن لیگ اور عوام کے درمیان خلیج بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، یہ اگر پی ٹی آئی کی آواز بند بھی کرلیں گے تو عوام کی آواز کا کیا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی ایک بار بھی اسپیکر چیمبر نہیں گئے وہ کہتے ہیں اسپیکر کو مانتا ہی نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ محمود اچکزئی راضی ہیں کہ اسمبلی کے کمیٹی روم نمبر ایک میں میٹنگ ہوسکتی ہے، وزیراعظم اسمبلی آتے ہیں تو سائیڈ کے کسی روم میں میٹنگ کرنے کے لیے بیٹھ جائیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں