کراچی: مقتولہ کا موبائل فون مل جائے تو کیس حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے، پولیس

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گھر میں خاتون اور تین بچوں کے قتل کا معمہ حل نہیں ہوسکا، مرنے والی خاتون کا موبائل فون تاحال نہیں مل سکا، واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق پورے گھر کی تلاشی لینے کے باوجود مرنے والی خاتون مہوش کا موبائل فون پولیس کو اب تک نہیں مل سکا، مقتولہ کا موبائل فون اگر مل جائے تو کیس حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
پیر کی رات کو دانش جب کال کررہا تھا تب تک فون پر بیل جارہی تھی، منگل کو جب پولیس نے کال کی تو موبائل سوئچ آف مل رہا تھا، اب تک کی تحقیقات کے دوران آلہ قتل بھی برآمد نہیں ہوسکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا کال ڈیٹا ریکارڈ اور علاقے میں لگے کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کررہے ہیں، دوست احباب اور رشتے داروں کے علاوہ پڑوسیوں سے بھی معلومات حاصل کی جارہی ہے، بچے جس مسجد میں قرآن شریف پڑھنے جاتے تھے وہاں بھی تحقیقات کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے گھر میں آنے جانے کا صرف ایک ہی راستہ ہے، گھر کے اندر زبردستی کسی کے داخل ہونے کے شواہد بھی نہیں ملے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی کا کہنا ہے چار افراد کے قتل میں شوہر ملوث ہے یا کوئی اور اس بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، واقعے کی ہر زاویے سے تحقیقات جاری ہے، جلد ہی کیس حل کرلیا جائے گا، ہیومن انٹیلی جنس اور ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر کیس کی تحقیقات کی جارہی ہے۔




