کوہاٹ دھماکا: وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی ترجیح سیاسی انتقام ہے، دہشت گردی کا خاتمہ نہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے کوہاٹ پولیس لائنز دھماکے کے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، شہداء نے قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا 22 سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، وفاقی حکومت کی دہشت گردی سے متعلق پالیسی مکمل ناکام ہو چکی ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پالیسی دے رہے ہیں لیکن کوئی توجہ دینے کو تیار نہیں۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا ہے کہ پولیس کو جدید اسلحے سے لیس کرنے کے لیے 35 ارب روپے اضافی دیے، مالی سال 27-2026ء میں پولیس کا بجٹ بڑھا کر 190 ارب روپے کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پولیس کو مضبوط کیے بغیر صوبے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، ڈی ایچ کیو اسپتال کوہاٹ کو تمام ضروری طبی آلات فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے سے متاثرہ مسجد اور اسپیشل برانچ پولیس اسٹیشن کی عمارت کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا، کوہاٹ میں ایک ہزار بستروں کا اسپتال کم سے کم مدت میں مکمل کیا جائے گا۔




