پی ٹی آئی نے مفاہمت کا راستہ کبھی بند نہیں کیا، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے مفاہمت کا راستہ کبھی بند نہیں کیا، رابطے آج بھی ہیں۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رابطوں اور مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا، قیادت اور پارلیمانی پارٹی کی ملاقاتوں کے بعد پریس کانفرنسز ہوئیں، مطالبات ایڈریس نہ ہوں تو احتجاج روکنے کا مطالبہ کیسے کیا جاسکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہو تو حالات کیسے بہتر ہوں گے، جمہوری معاشروں میں بہتری عملی اقدامات سے آتی ہے، ریاست سنجیدہ ہے تو عملی اقدامات کرے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ضرور ہوگا، مکمل پرامن ہوگا، بانی کے خاندان اور کارکنوں سے متعلق اقدامات پر تحفظات ہیں، ریاست کو اپنے اقدامات پر نظرثانی کرنا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے ریاست اور جمہوریت کو نقصان ہوگا، عوام کے راستے میں رکاوٹیں نہیں ہونی چاہئیں۔




