عدالتی فیصلے کی توہین پر کارروائی ہو گی، حکومت سے مذاکرات کا راستہ کھلا ہے: طلال چوہدری

وزیرِ مملکتِ برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت میں ہونے کی طاقت کی بنیاد پر کسی پر حملہ کرنا قابلِ قبول نہیں، وزیرِ اعلیٰ کے حلف میں بھی واضح ہے کہ وہ ایسا نہیں کر سکتے، مذاکرات کے لیے وزیرِاعظم کی قائم کردہ کمیٹی آج بھی موجود ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ تمام صوبوں اور اداروں پر لاگو ہو گا، فیصلے کی توہین کرنے والا توہینِ عدالت کا مرتکب ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور اور وزیر آباد کی گلیوں سے ان کی طاقت کا اندازہ ہو گیا ہو گا، 26 نومبر اور 9 مئی بھی ان کی تاریخ کا حصہ ہیں، 25 مئی 2022ء کو بھی مارچ ہوا تھا جس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرِ التواء ہے۔
طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے 25 مئی 2022ء کے واقعات سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں پتہ ہی نہیں چلا اور درختوں کو آگ لگائی گئی، وزیرِ داخلہ نے پریس کانفرنس میں انہیں ایسا نہ کرنے کی تلقین کی تھی۔
وزیرِ مملکت داخلہ نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی میں ایک مخصوص سوچ ہے کہ کسی سیاسی رہنما کو آگے نہیں آنے دینا۔




