وزیرِ اعظم شہباز شریف کی بل گیٹس سے ملاقات، پولیو کے خاتمے کی کوششوں کی تعریف

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات ہوئی ہے۔

وزیرِ اعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے پولیو کے خاتمے سمیت مالیاتی شمولیت کے شعبوں میں تعاون کو سراہا۔

وزیرِ اعظم نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر شکریہ ادا کیا۔

بل گیٹس نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو سراہا۔

بل گیٹس نے کہا ہے کہ آئندہ نسلوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ اہم ہے۔

انہوں نے پولیو ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو وزیرِ اعظم کی جانب سے فراہم کی گئی ذاتی رہنمائی کو بھی سراہا۔

شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کی شراکت داری کی تعریف کی اور صحت، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے بل گیٹس کو زرعی اصلاحات سے آگاہ کیا، بہتر بیج، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور نئی زرعی ٹیکنالوجیز پر تعاون کے امکانات پر اتفاق کیا، پائیدار ترقی اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے شراکت داری مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا۔

ملاقات میں بل گیٹس کے سابقہ دورۂ پاکستان کا ذکر بھی کیا گیا اور ان کو جلد دوبارہ دورے کی دعوت دی گئی۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں