این اے 168 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری

بہاولپور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 168 پر ضمنی انتخاب پر پولنگ کے وقت کا آغاز ہو گیا ہے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہی گی۔
حلقہ این اے 168میں کُل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 83 ہزار 143 ہے، ضمنی الیکشن کے موقع پر 292 پولنگ اسٹیشنز اور 896 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جس میں سے 16 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
حلقہ این اے 168 میں کل 20 امیدوار ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں تاہم کانٹے دار مقابلہ مسلم لیگ ن کے ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان متوقع ہے۔
یہ نشست ملک اقبال چُنڑ کی وفات سے خالی ہوئی، ان کے صاحب زادے منیر اقبال چُنڑ کو مسلم لیگ ن کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کی حمایت بھی حاصل ہے جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کی حمایت ان کے والد رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی کے لیے 3022 پولیس جوان، آفسران اور دیگر اہلکار حفاظتی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔




