فیلڈ مارشل عاصم منیر سے امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد کی ملاقات

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے پیر کو امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔
مسلح افوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کی سربراہی شمائلہ این چودھری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن نے کی، جو افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ مصروفیت اور کردار کا جائزہ لے رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان میں امریکی جنگ کے دوران پاکستان کی معاونت پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں کمیشن کے کام سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
فیلڈ مارشل نے تنازع کی تشکیل میں کردار ادا کرنے والی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور افغانستان میں طویل جنگ کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تنازع کے اسٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لیا اور علاقائی تناظر، پاکستان کے تجربات کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
امریکی وفد نے افغانستان میں تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل خدمات کو سراہا۔




