چین کی ترقی دنیا کیلئے اقتصادی و سماجی ثمرات کا باعث ہے: صدر زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے قومی دن کے موقع پر صدر شی جن پنگ کے نام تہنیتی خط میں چین کے ساتھ تذویراتی شراکت داری مزید گہری کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدر آصف زرداری نے عالمی امور اور ترقی میں چین کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی ترقی دنیا کے لیے نمایاں اقتصادی اور سماجی ثمرات کا باعث رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری پاکستان اور چین کی تذویراتی شراکت داری کی واضح علامت ہے، اقتصادی راہداری کے اعلیٰ معیار کی ترقی پر مبنی دوسرا مرحلہ جاری ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت، قابلِ تجدید توانائی سمیت باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع موجود ہیں۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، دونوں ممالک کی ’آہنی دوستی‘ وقت کی ہر آزمائش میں ثابت قدم رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوتا رہے گا۔




