اسلام آباد میں طالبہ کی خودکشی: ایجنٹ بن کر فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا
اسلام آباد میں 22 سالہ طالبہ لائبہ کی پھندا لگی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر سیل کردی گئی۔
پولیس کے مطابق ایجنٹ بن کر فراڈ کرنے والے ملزم نعمان کو گرفتار کرلیا گیا، مقدمہ دفعہ 322 اوردفعہ 34 کے تحت درج کیا گیا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں طالبہ لائبہ اعجاز کی مبینہ خود کشی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو فراڈ کے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
خیال رہے کہ لائبہ کی پھندا لگی لاش گزشتہ روز سڑک کنارے ملی تھیں ، لائبہ نے اسلامی یونیورسٹی سے بی ایس میں گولڈ میڈل لیا تھا، وہ مزید پڑھائی کے لیے بیرون ملک جانا چاہتی تھی، اس کے ساتھ ایجنٹ نے فراڈ کیا، لائبہ نے ماموں کو آخری میسیج کیا کہ اس کے والد کو فراڈ کا پتہ نہ چلے، وہ یہ صدمہ برداشت نہیں کر سکیں گے۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے شہزاد ندیم کا کہنا تھا کہ معاملہ سنجیدہ ہے، ایف آئی اے انکوائری کر رہی ہے، ملزم کبھی خود کو سپریم کورٹ کا ملازم کبھی سرکاری ادارے کا افسر بتاتا تھا۔
شہزاد ندیم نے کہا کہ ملزم نے لائبہ سے بیرون ملک یونیورسٹی داخلے کیلئے 72 لاکھ روپے کا فراڈ کیا، ملزم نے طالبہ کے بھائی کو نوکری دلوانے کیلئے بھی 5 لاکھ روپے لیے تھے، لائبہ نے 12 اکتوبر کو ہارورڈ میں ایڈمیشن کی خبر کا سرپرائز فیملی کو دینا تھا۔
لائبہ نے 2 روز قبل ہارورڈ کا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ چیک کروایا تو جعلی نکلا، طالبہ لائبہ نے آخری میسیج اپنے ماموں کو کیا۔




