وزیرِ اعظم شہباز شریف پشاور پہنچ گئے

وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچ گئے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق پشاور میں وزیرِ اعظم اپیکس کمیٹی سمیت دیگر اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے، جہاں پر انہیں کے پی میں امن و امان سمیت دیگر معاملات پر بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہو گا۔
دورۂ پشاور میں صوبے کی سیاسی صورتِ حال اور حالیہ پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہداء کی فیملیز کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کے دورے کے موقع پر شیر شاہ سوری روڈ اور ایئر پورٹ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، شہریوں کو متبادل روڈز پر سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پشاور 20 اکتوبر کو جانا تھا تاہم ان کا یہ دورہ ملتوی کر دیا گیا تھا۔




