وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کاموں کیلئے 160 ارب دینے کا اعلان

وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کاموں کیلئے 160 ارب دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کاموں کیلئے 160 ارب روپے دینے کا اعلان کردیا، جبکہ قبائلی مشران نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل ترقیاتی کونسل مشران سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ وفاق دہشت گردی کے خلاف تمام وسائل فراہم کرے گا، ترقیاتی منصوبے تیز رفتاری سے مکمل کیے جائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ قبائلی عمائدین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، دہشت گردی کے خلاف تمام ضروریات پوری کی جائیں گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائلی عوام نے بے انتہا قربانی دی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ قبائلی اضلاع کے عمائدین کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، قبائلی اضلاع میں امن ہوتا تو شاید ایمرجنسی کی ضرورت نہ پڑتی۔ قبائلی عمائدین نے بتایا کہ ترقیاتی کام صفر اور دہشتگردی، کرپشن عروج پر تھی۔

انہوں نے کہا کہ کوہستان اسکینڈل میں 37 ارب روپے کا فراڈ کیا گیا، دن رات محنت کریں گے اور خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کے حقوق دلائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کریں گے، آج گورنر اور چیف سیکریٹری کو کہا ہے کہ جتنی گندم چاہیے مہیا کریں گے، قبائلی اضلاع میں گندم کی فراہمی اور پولیس کی ٹریننگ پر بات ہوئی، سیف سٹی کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

اس سے قبل اپیکس کمیٹی سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک پارٹی ملک دشمنی پر اتر آئے تو کیا ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہیں، یہ نہیں ہوسکتا، کب تک خون ریزی برداشت کرتے، مجبوری میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج لگایا۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کے تعاون سے کے پی میں خوشیاں، امن اور ترقی کا دور واپس لانے کا عزم کیا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں