باہر بیٹھے کسی یوٹیوبر کے دباؤ میں نہیں آئیں گے: شوکت یوسفزئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ باہر بیٹھے کسی سوشل میڈیا یا یوٹیوبر کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ یوٹیوبرز کی اداروں کے خلاف مہم سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ پاک فوج کو اپنی فوج کہا ہے۔ بانی کے اس بیانیے کے علاوہ دوسرا کوئی بیانیہ نہیں چلے گا۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اداروں کے خلاف یوٹیوبرز کی مہم سے پارٹی کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ امن و امان کا بہانہ بناکر صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ بلا جواز ہے۔
پی ٹی آئی سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی ہمیشہ مذمت کی ہے، سہولت کاری کا الزام بےبنیاد ہے۔ حکمت عملی نہ ہونے سے ہر تحریک کے بعد پارٹی مزید مشکل میں گھری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی مذمت کرتا ہوں۔
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجا پر اعتماد ہے۔ حکومت بانی پی ٹی آئی تک رسائی دے، انہیں فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔




