اسلام آباد میں قبر کی زمین کیلئے سب سے زیادہ سفارشیں آتی ہیں، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قبروں کیلئے زمین کی شدید قلت ہے اور قبر کی جگہ کے حصول کے لیے سب سے زیادہ سفارشیں آتی ہیں۔
قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کو منصوبہ بندی کے تحت وفاقی دارالحکومت بنایا گیا، لیکن 150 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز نے پارکوں اور قبرستانوں کے لیے مختص پلاٹ بھی فروخت کر دیے۔
اجلاس میں پرائیویٹائزیشن کمیشن ترمیمی بل 2026، اوگرا ترمیمی آرڈیننس 2026 اور لائف انشورنس نیشنلائزیشن ترمیمی بل 2026 قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے۔ تاہم کارروائی کے دوران پی ٹی آئی کے رکن محمود شاہ نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ گنتی پر کورم نامکمل ثابت ہونے کے بعد اجلاس کی کارروائی کورم پورا ہونے تک ملتوی کر دی گئی۔
بعد ازاں حکومت دوبارہ بھی کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، جس پر پینل آف چیئرمین کے رکن عبدالقادر پٹیل نے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔




