وزیراعظم کا کسان دوست اقدام، 2027 کیلئے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر

وزیراعظم شہباز شریف نے کسان دوست اقدام کرتے ہوئے 2027 کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4500 روپے فی من مقرر کی ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق پیداواری لاگت میں اضافے کے پیشِ نظر گزشتہ برس کی نسبت قیمت میں ہزار روپے فی من اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے مشاورتی عمل میں تعاون اور تجاویز پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافے کا مقصد کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے، کسانوں کو گندم کی کاشت کیلئے موثر ترغیب دینا فیصلے کے مقاصد میں شامل ہے۔
انھوں نے کہا کہ توقع ہے نئی مجوزہ قیمت سے کسانوں کو پیداواری لاگت پوری کرنے اور مناسب منافع میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں کسانوں کو مہنگائی اور زرعی اخراجات میں اضافے کے باعث مالی مشکلات کا سامنا رہا، پاکستان کو گزشتہ دو برسوں میں گندم درآمد بھی کرنا پڑی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافے کا کلیدی فیصلہ زرعی شعبے میں استحکام کیلئے اہم ثابت ہوگا، توقع ہے کہ مجوزہ قیمت کے تعین سے کاشتکار گندم کی کاشت میں زیادہ دلچسپی لیں گے۔
انھوں نے کہا توقع ہے آئندہ سیزن میں گندم کی بھرپور بوائی اور ملکی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔




