ٹوکیو میں یومِ سیاہ کشمیر، سفارتخانہ پاکستان میں کشمیریوں سے یکجہتی، حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں سفارت خانہ پاکستان کے زیرِ اہتمام 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر تقریب منعقد ہوئی، جس میں بھارت کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار اور حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب میں پاکستانی برادری کے افراد اور پاکستان کے جاپانی دوستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر فرسٹ سیکریٹری شعیب منصور نے صدرِ مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے۔ ان پیغامات میں تنازع جموں و کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس کے حل کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
سفیرِ پاکستان عبدالحمید نے اپنے خطاب میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر میں آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کا احترام کیا جائے۔
تقریب کے شرکا نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے امن، انصاف اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔




