سیاستدانوں کی بے توقیری سے کس کی خدمت کی جارہی ہے؟ راجا ناصر عباس
اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس نے استفسار کیا ہے کہ بتایا جائے سیاستدانوں کی بے توقیری کرکے کس کی خدمت کی جارہی ہے؟
اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو میں راجاناصر عباس نے کہا کہ قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود اچکزئی نے پہلے بھی کہا اور میں بھی کہہ رہا ہوں سب بیٹھ کر بات کریں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی راستہ ہی واحد حل ہے، حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز مل بیٹھیں، بار کونسلز سمیت سب ملک کو آئین کی پٹری پر لانے کے لیے مشترکہ فیصلے کریں۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے مزید کہا کہ محمود اچکزئی بھی پہلے دن سے یہی بات کر رہے ہیں، وزرا اور پی ٹی آئی کی قیادت سے رابطوں میں بھی اچکزئی سیاسی اتفاق رائے کی بات کرتے رہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ محمود خان نے سب سے کہا، جو بوجھ عوام پر ہے، اس کا حل مل بیٹھنے میں ہے، ایک جمہوری حکومت بنے فری اینڈ فیئر الیکشن ہوں اور پھر آگے بڑھا جائے۔
راجا ناصر عباس نے یہ بھی کہا کہ اگر یہ اتفاق ہو جائے ہو تو اس سے بانی پی ٹی آئی باہر آئیں گے، ملک بھی بہتر ہو گا، بانی چیئرمین کو ہم منائیں گے، کون نہیں چاہتا کہ شفاف الیکشن ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس پرامن راستے کا انتخاب نہ ہوا تو انقلاب کی راہ ہموار ہو گی، اگر پارلیمان کمزور، آئین پر عمل نہ ہوا عدلیہ آگے نہ بڑھی تو پھر عوام نکلتی ہے۔ پاکستان کسی بھی ایسی صورتحال کا متحمل نہیں ہو سکتا لہٰذا بات ہونی چاہیے۔




